• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ مکران اور تفتان ٹرانسپورٹ یونین نے کراچی کوچز یونین کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کردیا

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ مکران ٹرانسپورٹ یونین اور کوئٹہ تفتان ٹرانسپورٹ یونین نے کراچی کوچز یونین کے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر سندھ میں ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو تنگ کرنے کا نوٹس لے ۔ یہ بات کوئٹہ مکران ٹرانسپورٹ یونین کے صدر حاجی نواز لہڑی ، جنرل سیکرٹری خلیج لہڑی ، نائب صدر عبدالرسول مینگل ، عبدالرحمٰن زہری ، آغا سید انور شاہ بخاری ، کوئٹہ تفتان ٹرانسپورٹ یونین کے نائب صدر حاجی خدائے داد شاہوانی ، جلال الدین ، وڈیرہ حسن اور میر الطاف نے اتوار کو کوئٹہ مکران ٹرانسپورٹ یونین اور کوئٹہ تفتان ٹرانسپورٹ یونین کے مشترکہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، حاجی خلیج لہڑی نے کہا کہ کوئٹہ کراچی کوچز یونین نے سندھ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو بلاجواز تنگ کرنے کے خلاف گزشتہ پانچ روز سے حب چوکی پر اپنی بسیں کھڑی کرکے احتجاج کا سلسلہ شروع کررکھا ہے لیکن تاحال سندھ اور بلوچستان حکومت نے ٹرانسپورٹروں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ٹرانسپورٹروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے جس کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے وقتاً فوقتاً آواز بلند کی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی اب مجبور ہوکر ٹرانسپورٹرز نے اپنی بسیں کھڑی کرکے احتجاج کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کی کوئٹہ مکران ٹرانسپورٹ یونین اور کوئٹہ تفتان ٹرانسپورٹ یونین مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کراچی کوئٹہ کوچز یونین نے پہیہ جام اورشٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دی تو مکران اور تفتان روٹ کے ٹرانسپورٹرز انکے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے ۔
تازہ ترین