وزیراعظم عمران خان سے ملتان سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکان قومی اور صوبائی اسمبلی موجود تھے۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار، جمشید اقبال چیمہ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزراء میں سے مخدوم ہاشم جواں بخت، حسین جہانیاں گردیزی سمیت دیگر نے شرکت کی۔
عمران خان سے ملاقات کے دوران جنوبی پنجاب بالخصوص ملتان کے مسائل اور ان کے تدارک کے لیے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم کو مختلف پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ علاقے کے 11 ہزار پرائمری اسکولوں کو سولر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ ان میں 2500 اسکول ایسے ہیں، جن میں موجودہ حکومت نے بجلی فراہم کی۔
عمران خان کو اس دوران لیہ میں سولر پاور پراجیکٹ، آر ایل این جی منصوبے کی پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے دوران ملاقات اظہار خیال کیا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی پر حکومت کی خصوصی توجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو یہ ملک دیوالیہ اور خزانہ تقریباً خالی ملا تھا، ہماری کوششوں کی وجہ سے ملک اب مثبت سمت کی طرف گامزن ہے۔