چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے کورونا وائرس کی خطرناک لہر کے پیش نظر چند اصول واضع کیے اور زندگی کی روٹین بدلنے کی ہدایت کردی۔
میڈیا سے گفتگو میں قبلہ ایاز نے کہا کہ تراویح نماز مسنون عمل ہے یہ گھروں پر ادا کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھروں میں عبادت کے تصور کو اجاگر کیا جائے، نماز کی سنتیں گھر میں پڑھیں۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں ملک میں کورونا وبا کی خطرناک لہر چل رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام کو کورونا وبا کے معاملے کی حساسیت کا مکمل ادراک ہونا چاہیے، تمام شہریوں سے اپیل ہے کہ عبادات کے دوران کورونا ایس او پیز پر عمل یقینی بنائیں۔
قبلہ ایاز نے یہ بھی کہا کہ وبا میں احتیاط عین شرعی تقاضا ہے، بچوں کو مساجد نہ بھیجا جائے، عوامی جلسوں سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ وبا سے متاثرہ مریض دوسروں سے ملنے سے گریز کرے، نزلہ زکام کھانسی والے مریض گھروں میں نماز پڑھیں۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ ہاتھ ملانے اور گلے ملنے کی روایات فی الحال ترک کردی جائیں، موجودہ حالات میں گلے ملنے اور ہاتھ ملانے کے بجائے صرف سلام کرنا بہتر ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جس علاقے میں وبا پھوٹ پڑے وہاں جانے سے گریز کیا جائے، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں قانون کو حرکت میں آنا چاہیے۔
قبلہ ایاز نے کہا کہ کورونا ویکسین پر شکوک پیدا کرنے والے لوگ انسانیت سے کھیل رہے ہیں۔