ملتان (ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نام لیے بغیر جہانگیر ترین اور ہم خیال اراکین پر وار کرتے ہوئےکہا ہےکہ بلے والے لائن کھینچ کر ادھریااُدھر ہوجائیں ‘ یہ تیتر بٹیر نہیں چلےگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکن اس بات پر دھیان نہ دیں کہ 4 ایم این اے یا ایم پی اے بگڑ گئے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں کہنا چاہتا ہوں کہ عمران خان عوام کی آپ سے امیدیں ہیں ۔ عوام چاہتے ہیں آپ بنیادی اصولوں پر سمجھوتا نہیں کریں۔ عمران خان کسی صورت بلیک میل نہیں ہوگا، تحریک انصاف کے کارکنوں کا پیغام ہے کہ عمران خان مافیاز کے سامنے ڈٹ جائیں۔ عمران خان کی بائیس سالہ جد و جہد ہے، جو پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ووٹ لیکر آیا ہے وہ آپ کو نہیں چھوڑے گا،ایک واضح لائن کھینچ دینی چاہئے یا ادھر ہو جائیں یا ادھر ۔ تحریک انصاف کا نظریاتی کارکن عمران کی بائیس سالہ جدوجہد کی پاسداری کے لئے آپ کے ساتھ ہے۔ عمران خان ہی مہنگائی اور مافیاز اور کرپٹ عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے، ون یونٹ اور73ءکے آئین کے بعد سیاسی ری اسٹرکچرنگ کے لئے عمران خان نے پہلا قدم اٹھایاہے۔