• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ویکسین خریداری کے اقدامات نہ کرنا مجرمانہ غفلت، شہباز شریف

لاہور (آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ملک میں آکسیجن کی قلت میں اضافے اور کورونا صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو بھارت جیسی بدقسمتی سے بچانے کے لئے تمام فریقین کی مشاورت سے جامع ہنگامی حکمت عملی مرتب کی جائے،کورونا کیخلاف ڈینگی ماڈل اپنا یا جائے،کورونا ویکسین خریداری کے اقدامات نہ کرنا مجرمانہ غفلت ہے، مشاورت کر کے حکمت عملی مرتب ہونی چاہئے ،حکومت عوام الناس کی حفاظت کے لئے ویکسین فراہمی کے عمل کو تیز کرے ، نجی شعبے سے بھی مدد لی جاسکتی ہے، وائرس کی نئی اقسام اور اس کے مہلک اثرات سے عوام کو بچانے کے لئے حکمت عملی کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے، ہمارے دور میں ڈینگی وبا سے نمٹنے کے لئے وضع کی گئی کامیاب حکمت عملی کا ماڈل استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا حکومت عوام الناس کی حفاظت کے لئے ویکسین کی فراہمی کے عمل کو تیز کرے ، نجی شعبے کی مدد لی جاسکتی ہے کورونا کے موجودہ مرحلے میں مزید کسی قسم کا ابہام، شش وپنج یا لیت ولعل ہلاکت خیز غلطی ثابت ہوگی گزشتہ ماہ و سال کے تجربات کا یہی نتیجہ سامنے آیا ہے کہ کورونا پر قابو پانے کا واحد راستہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جلد از جلد ویکسین لگانا ہے۔

تازہ ترین