وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کیمبرج امتحانات میں امتحانی مراکز کے باہر کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔
وفاقی وزیر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ کیمبرج امتحانات کے انعقاد کی اجازت سخت ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے سے مشروط تھی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سے ایسی کئی اطلاعات آچکی ہیں کہ امتحانی مراکز کے باہر ایس او پیز پر بالکل عملدرآمد نہیں کیا جارہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج سہ پہر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کے ایک خصوصی اجلاس میں امتحانات کے دوران ایس او پیز اور کورونا کے پھیلاؤ کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے ملک میں کورونا وبا کی تیسری لہر میں شدت آنے کے باوجود کیمبرج امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ جو طلبہ مطمئن نہیں وہ اکتوبر، نومبر میں امتحانات دے سکتے ہیں، کیمبرج طلبہ کو اکتوبر، نومبر کے امتحانات کیلئےاضافی فیس نہیں دینی ہوگی۔