• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے بڑھتے کیسز، طلبہ کا عمران خان سے امتحانات کی منسوخی کا مطالبہ

اے اور او لیول کے طلبہ ملک میں کورونا کی سنگین صورتحال کے باوجود امتحانات لینے پر سراپا احتجاج ہیں اور وزیراعظم سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ امتحانات کو منسوخ کروائیں۔

پاکستان کی سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر سرِ فہرست رجحانات (ٹرینڈز) میں ’عمران خان کینسل اِگزامز‘ یعنی عمران خان امتحانات منسوخ کریں شامل ہیں۔

اس ٹرینڈ کا استعمال کرتے ہوئے طلبہ عمران خان کو کورونا کی سنگین صورتحا ل اور دیگر ممالک میں کیمبرج سسٹم کے امتحانات کی منسوخی کے حوالے سے بتاتے ہوئے امتحانات کی منسوخی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نےکورونا کی تیسری لہر کے باعث اے اور او لیول کےامتحانات روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

کیمبرج انٹرنیشنل نے حکومت سے طے شدہ تاریخوں کے مطابق 10 مئی 2021 سے پاکستان میں کیمبرج او لیول اور آئی جی سی ایس ای کے امتحانات لینے کا اعلان کیا جب کہ کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اور اے سطح کے تمام امتحانات ٹائم ٹیبل کے مطابق 26 اپریل 2021 سے شروع ہوں گے۔

تمام امتحانی مراکز میں کورونا  ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔


کیمبرج انٹرنیشنل نے یہ بھی کہا کہ اس بات کا امکان موجود ہے کہ کیمبرج او لیول اور آئی جی سی ایس ای کے نتائج کے اجرا میں تاخیر ہوسکتی ہے ، لیکن کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اینڈ اے لیول کے نتائج کا اعلان 10 اگست 2021 کو کیا جائے گا  تاکہ کیمبرج کے طلبہ پاکستان میں اپنی یونیورسٹی کے داخلوں کو محفوظ کرسکیں۔

لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں طلبہ نے استدعا کی ہے کہ عدالت اس سال بھی اے اور او لیول کے امتحانات ملتوی کرکےاساتذہ کی اسیسمنٹ کے مطابق امتحانی گریڈز دینے کا حکم دے۔

تازہ ترین