کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ایف آئی اے بلوچستان کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے پنجاب میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ اور پاکستانی تارکین وطن باپ بیٹے کو اغوا اور غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنانے والے انسانی اسمگلروں کی مدد کے الزام میں کوئٹہ سے حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والے کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق بلوچستان ہی نہیں پورے ملک میں پروینشن آف اسمگلنگ آف مائیگرینٹس ایکٹ 2018 کے تحت درج کیا گیا یہ پہلا مقدمہ ہے جس میں انسانی اسمگلنگ ایجنٹ اور اس کے ایک سہولت کار ملزم کی گرفتاری ہوئی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان عبدالحمید بھٹوکی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹراینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل زبیر پیچوہواور اسسٹنٹ ڈائریکٹر امیگریشن جواد حسین کی نگرانی میں ایف آئی اے تفتان کے انچارج انسپکٹر بابر علی نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی۔ سب انسپکٹر وحید مگسی، کانسٹیبل احتشام پر مشتمل ایف آئی اے بلوچستان کی خصوصی ٹیم پہلی بار پنجاب بھجوائی گئی جس نے سیالکوٹ سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ محمد عارف کو گرفتار کیا۔ اس کے علاوہ کوئٹہ کے ایک حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والے ایجنٹ محمد کو بھی گرفتار کیا جو ایف آئی اے کو ایک اور مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔