پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم گراؤنڈ کے بعد اب سوشل میڈیا پر بھی چھاگئے ہیں۔
بابر اعظم کے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر موجود تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔
دُنیائے کرکٹ کے مقبول ترین بلے باز بابر اعظم کو اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کو دو ملین یعنی 20 لاکھ صارفین نے فالو کرلیا ہے۔
ٹوئٹر فالوورز میں اضافے کے بعد بابر اعظم بھی سوشل میڈیا پر مقبول ترین قومی کرکٹرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل آل راؤنڈر عماد وسیم کے ٹوئٹر پر فالوورز کی تعداد 2 ملین ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارت کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین 2000 رنز مکمل کرلئے ہیں۔
بابر اعظم نے کیریئر کی 52 ویں اننگز میں دو ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا ، اس سے قبل یہ ریکارڈ کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے 56 اننگز میں تیز ترین دو ہزار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنائے تھے۔
کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 2 ہزار رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی کرکٹر ہیں ان سے پہلے محمد حفیظ اور شعیب ملک بھی 2 ہزار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز رنز بناچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلزمیں 2ہزار رنز بنانے والے دنیا کے گیارہویں بیٹسمین ہیں۔