• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نامور بالی ووڈ فلم ساز رام گوپال ورما نے بھارت کی تلخ حقیقت بیان کردی

نامور بالی ووڈ فلم ساز رام گوپال ورما نے کورونا وائرس کی بدترین صورتحال میں بھارت کی تلخ حقیقت بیان کردی۔

بالی ووڈ فلم ساز رام گوپال ورما نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’ہمارے پاس دنیا کا سب سے بڑا مجسمہ ہے اور دُنیا کا سب سے بڑا اسٹیڈیم بھی ہے۔‘

رام گوپال ورما نے کہا کہ ’ہمارے پاس دُنیا کی سب سے بڑی الیکشن ریلیاں بھی ہیں اور دُنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماعات بھی ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’بھارت کے پاس سب کچھ ہے لیکن افسوس اس ملک کے پاس اسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کرنے کے لیے طبی سہولیات موجود نہیں ہیں۔‘

رام گوپال ورما کے اس ٹوئٹ پر بھارتیوں کی بڑی تعداد نے اُن کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی حالیہ صورتحال میں یہ واضح ہوگیا ہے کہ بھارت طبی شعبے میں دُنیا کے دیگر ممالک سے بہت پیچھے ہے۔

دوسری جانب کچھ صارفین نے بھارت میں پیدا ہونے والی بدترین صورتحال کی وجہ مودی سرکار کو قرار دیا۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس بھیانک صورت اختیار کرگیا، آکسیجن کے لیے ترستے شہریوں کی نبض ڈوبنے لگی، اموات اور مریضوں کے خوفناک ریکارڈ بننے لگے۔

بھارت کے اسپتالوں میں مریضوں کے لیے بستر، آکسیجن، ڈاکٹر، دوا سب کم پڑگئے۔

جان سے جانے والوں کے لیے شمشان گھاٹوں میں لکڑیاں، قبرستانوں میں جگہ ختم ہوگئی، میتوں کو اجتماعی طور پر سپرد خاک کرنے کی نوبت آگئی ہے۔

بھارت کی اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی و شوبز شخصیات کی جانب سے اظہارِ یکجہتی کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین