کراچی(سید محمد عسکری/ اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل چیف سیکریٹری بورڈز و جامعات قاضی شاہد پرویز نے کہا ہے کہ آئی بی اے سکھر کی طالبات کی جانب سے یونیورسٹی انتظامیہ پر سنگین الزامات کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور اس حوالے سے سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی گئی ہے بدھ کو اپنے دفتر میں جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قاضی شاہد پرویز نے کہا کہ سمری میں کہا گیا ہے کہ ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر کے معاملے کی جانچ کرائی جائے انھوں نے کہا کہ آئی بی اے میں مستقل وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلے میں ایکٹ میں فوری ترمیم کی جائے گی اور تلاش کمیٹی کے زریعے مستقل وائس چانسلر تعنیات کیا جائے گا۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ محکمہ بورڈز و جامعات میں افسران کم اور مسائل زیادہ ہیں جنھیں حل کیا جاریا ہے۔ تمام تعلیمی بورڈز میں ناظم امتحانات اور سیکریٹریز کے تقرر کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ سالانہ امتحانات سے قبل بورڈز میں مستقل تقرریاں کردی جائیں۔ اسی طرح جامعات میں ڈینز، سنڈیکیٹ اور سینٹ کے اراکین کے تقرر کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔ قاضی شاہد پرویز نے بتایا کہ سندھ ہائیکورٹ کی ہدایت پر لاڑکانہ بورڈ میں نسیم میمن کو چئیرمین مقرر کرنے کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی گئی ہے جب کہ حیدرآباد بورڈ کے چئیرمین محمد میمن کی مدت ملازمت میں مستقل چئیرمین کی تعیناتی تک توسیع کی جارہی ہے۔