• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ہاکی ٹیم کو گول کیپنگ کوچ مہیا کیا جائے، حنیف خان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر حنیف خان نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کا گول کیپنگ کا شعبہ کم زور ہے اس میں بہتری کے لئے کوچ کی ضرورت ہے، جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹور نامنٹ میں قومی ٹیم کو  اس شعبے کی خامی کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، کئی ایک گول ایسے ہوئے ہیں جو روکے جاسکتے تھے مگر اس کو روکنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف نے گول کیپنگ کوچ کے لئے سابق کپتان اولمپئن گول کیپر احمد عالم سے بات چیت کی تھی مگر وہ تیار نہیں ہوئے، پی ایچ ایف کو ان کے ساتھ مالی معاملات کو جلد از جلد طے کر کے انہیں ٹیم کی ذمے داری دے کر کوچنگ اسٹاف میں شامل کرلینا چاہئے تاکہ ٹیم کے اس اہم شعبے کی کم زوریوں اور خامیوں کو دور کیا جاسکے۔ وہ اس سلسلے میں جلد پی ایچ ایف کے صدر خالد کھوکھر اور سکریٹری شہباز احمد سے بات چیت کریں گے۔ حنیف خان نے کہا کہ قومی ہاکی میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے مگر کھلاڑیوں میں مہارت اور تیکنیک میں کمی نظر آرہی ہے جس سے ہاکی کو نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑی باصلاحیت ضرور ہیں مگر ان میں ہاکی کی سمجھ کم ہے، نچلی سطح پر کوچنگ کا مناسب  انتظام نہ ہونے کی وجہ سے قومی کھلاڑی سینئر ٹیم میں آ نے کے بعد بہتر پرفارمنس نہیںدکھا پاتےاوراسی لئے کچھ کھلاڑی باصلاحیت ہونے کے باوجود  جلد قومی ٹیم سے باہر ہوگئے۔ ہم اس سلسلے کو ختم کر کے ابتدائی سطح سے کھلاڑیوں کو گروم کرنے کا بندو بست کرنا ہوگا۔
تازہ ترین