• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

FIA ایڈہاک ملازمین کی نوکری سے برطرفی سے متعلق ڈی جی کے دو نوٹیفکیشن، سپریم کورٹ کے حکم پر 48 افسران برخاست

کراچی (اسد ابن حسن) سپریم کورٹ کے ایف آئی اے کے 53 ایڈہاک افسران کی نوکری سے برطرفی کے حکم کے بعد ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے واجد ضیاء نے گزشتہ روز دو نوٹیفکیشن تحریر کردیئے۔ پہلے نوٹیفکیشن میں تحریر کیا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے پر عمل کرتے ہوئے 48افسران کو فوری طور پر نوکری سے برخاست کیا جاتا ہے۔ فہرست میں تین مرحوم اور سات ریٹائرڈ افسران کے نام بھی شامل ہیں۔ فہرست میں 18اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، 12انسپکٹرز اور 18سب انسپکٹرز کے نام شامل ہیں۔ مذکورہ تمام ایف آئی اے ملازمین پیپلز پارٹی کی 1989ء کے دور حکومت میں بھرتی کیے گئے تھے۔ دوسرا مراسلہ ڈی جی نے وفاقی وزیر داخلہ کو روانہ کیا ہے جس میں ایف آئی اے کے ایڈہاک 4 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے متعلق تفصیلات تحریر کی گئی ہیں جس کے مطابق 3اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈہاک بنیادوں پر 1989ء میں بھرتی ہوئے جبکہ ایک افسر 1990ء میں بھرتی ہوا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکرم علی شاد فوت ہوچکے ہیں جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زبیر احمد پیچوہو اور سہیل عارف اعوان کوکوئی بھی اے ڈی سے نچلی پوسٹ پر تقرری کی سفارش کی گئی ہے۔ چوتھے افسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سجاد مصطفیٰ باجوہ جوکہ مشہور چینی اسکینڈل کی تفتیش کے بعد نوکری سے برخاست کردیئے گئے ۔

تازہ ترین