لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاناما لیکس والوں کو امریکہ ، برطانیہ اور پاناما سمیت کہیں بھی پناہ نہیں ملے گی ۔ قومی دولت لوٹنے والوں کا ہرجگہ تعاقب کریں گے ۔ لٹیروں سے جب بھی مال مسروقہ برآمد کرنے کی بات ہوتی ہے توجمہوریت کو خطرہ لاحق ہونے کی آوازیں سنائی دینے لگتی ہیں ۔ہم جمہوریت کے نہیں ،کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف ہیں۔ چیف جسٹس ملک کو بحران سے نکالنےکے لیے کمیشن کی سربراہی قبول کریں۔ چیف جسٹس کے علاوہ قوم اب کسی پر اعتماد نہیں کرے گی ۔حکمران حکومت یہاں کرتے ہیں اور ان کے دل لندن اور پاناما میں اٹکے ہوتے ہیں ۔ اس ظالمانہ اور استحصالی نظام سے نجات کے لیے مزدوروں ، کسانوں اور عام آدمی کو اٹھنا ہوگا ۔ حکمران اپنی فالتو چربی پگھلاناچاہتے ہیں تو لندن جا کر علاج کرانے کی بجائے مزدوروں کے ساتھ چند دن گزاریں ۔ محکمہ محنت کے وفاقی اور صوبائی وزراءبتائیں کہ انہوں نے مزدور کے مسائل کے حل کیلئے آج تک کیا کیا ہے ؟ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے بھٹہ مزدوروں کے ساتھ اظہا ر یکجہتی کے لیے اینٹیں بنانے اور مزدوروں کے ساتھ کھانا کھانے کے بعد شرکاءسے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔دریں اثناءجماعت اسلامی اور اس کی برادر تنظیموں نے ملک بھر میں حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف احتجاجی جلسے ، جلوس اور ریلیاں نکالیں اور سیمینار منعقد کیے جن میں مطالبہ کیا گیا کہ کرپشن کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے حکمرانوں سمیت قومی دولت لوٹنے والوں کا بے لاگ احتساب کیا جائے اور لوٹی گئی دولت کی ایک ایک پائی وصول کی جائے ۔ احتجاجی جلسے ، جلوس اور ریلیوں کی قیادت جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی ،اور ضلعی قائدین نے کی اور شرکاءسے خطاب کیا ۔ لاہور، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، گجرات ، راولپنڈی ، ملتان ، سیالکوٹ ، سرگودھا، چنیوٹ و دیگر اضلاع میں بھی کرپشن کے خلاف ریلیاں ، جلوس اور سیمینار منعقد ہوئے۔ سراج الحق