لاہور (وقائع نگار خصوصی)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنمائوں مولانا عزیزالرحمن ثانی، مو لانا عبدالنعیم، مولانا قاری علیم الدین شاکر، پیر رضوان نفیس، ر قاری جمیل الرحمن اختر، جے یوآئی کے رہنما مولانا حافظ محمداشرف گجر، قاری ظہورالحق،مولانا قاری عبدالعزیز،مولانا خالد محمود،مولانا سعید وقار نے یورپی پارلیمنٹ کا تحفظ ناموس رسالت قانون کیخلاف قرارداد کی منظوری پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت کے ایکٹ کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ یورپی یونین کی توہین رسالت کا قانون ختم کرنے کی قرارداد قابل مذمت ہے۔ اسلامی ممالک کو توہین رسالت کے حوالے سے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔ توہین رسالت کسی بھی مسلمان کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ یورپی ممالک میں آزادی اظہار رائے کے نام پر توہین رسالت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہر حال میں ملک کے اساسی قانون کی حفاظت کرے ۔ ناموس رسالت کے خلاف ترمیمی بل اغیار کے ایجنڈے کی تکمیل ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکمران ہرقسم کا بیرونی دبا ؤ مسترد کرتے ہوئے اہل اسلام کے جذبات کی ترجمانی کریں۔