• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ، ناقص پھل کیوں نہیں اٹھوائے؟ فردوس عاشق اے سی پر برس پڑیں

سیالکوٹ، ناقص پھل کیوں نہیں اٹھوائے؟ فردوس عاشق اے سی پر برس پڑیں 


سیالکوٹ،لاہور(نمائندہ جنگ،جنرل رپورٹر، مانیٹرنگ سیل )صوبائی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے رمضان بازار میں ناقص اشیا ءخورو نوش کی فروخت اور خواتین کی شکایات پر اسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو جھاڑ پلا دی۔

صوبائی مشیر نےاسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا میرا بھی دل چاہتا ہے اے سی والی گاڑی میں بیٹھوں ،سب کا دل چاہتا ہے کہ اپنی فیملی کیساتھ سکون کریں لیکن ہم یہاں ’’کھجل‘‘ ہورہے ہیں کیونکہ ہم نے لوگوں کو جواب دینا ہے۔

افسر شاہی کی کارستانیاں بھی حکومت بھگت رہی ہے آپ پیچھے پیچھے چھپ رہی ہیں آپ انھیں فیس کریں ، وزٹ پر آئی ہیں کبھی ؟آپ کو کبھی کہیں سے ، کبھی کہیں سے برآمد کروا رہے ہیں، اے سی نے کہا میڈ م ہم گرمی میں یہاں بیٹھے ہیں۔

بات آرام سے بھی ہو سکتی ہےیہاں بہت رش ہے میڈم ، جس پر ڈاکٹر فرودس نے کہا کہ رش سب کے لئے ہے آپ کیا آسمان سے اتری ہیں، اے سی نے کہا میڈم میں بالکل آسمان سے نہیں اتری۔

فردوس عاشق نے کہا آپ کو اپنی جان عزیز ہے یہاں جو لوگ آئے ہیں ان کی جان بھی اتنی قیمتی ہے آپ کی حرکتیں ہی نہیں اے سی والی آپ کو جس نے تعینات کیا ہے اس سے پوچھتے ہیں، تم وی آئی پی ڈرائنگ رومز میں جا کر آرام کرو ،آپ کی ڈیوٹی ہے ناقص پھل یہاں سے اٹھوا دیں ،آپ اس بات کی تنخواہ لیتی ہیں ،میں تنخواہ نہیں لیتی ،آپ کا فرض ہے ،یہ سنتے ہی اے سی رمضان بازار سے چلی گئیں ۔

بعدازاں میڈیا سے مختصر گفتگو میں اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف نے کہا ہم یہاں گرمی میں روز ذلیل ہوتے ہیں، بات آرام سے بھی ہو سکتی ہے یہ کوئی بات کرنے کا طریقہ نہیں ،اگر کوئی پھل خراب ہو گیا ہے تو غلطی ہو سکتی ہے۔

انھوں نے کہا گرمی بہت ہے اس وجہ سے اگر رمضان بازار میں کچھ پھل خراب ہوجائیں تو انہیں اٹھوا دیتے ہیں ،کام کررہے ہیں ،انھوں نے اپنے ساتھ موجود سٹاف کو کہا چلیں میڈم کو اپنی وزٹ مکمل کرنے دیں پھر چلتے ہیں۔

دریں اثناءچیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے انتظامی افسرکےساتھ غیر مہذب برتاو کی مذمت کی ہے ایک بیان میں چیف سیکرٹری نے کہا اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف اور دیگر انتظامی افسران سخت گرمی اور کورونا کی وباء کے باوجود فرنٹ لائن پر موجود ہیں۔ کسی بھی سرکاری افسر یا عملے کے ساتھ غیر اخلاقی زبان استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔

جواد رفیق ملک نے اپنے افسران کی خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئےکہا کہ پنجاب بھر میں انتظامی افسران دن رات عوام کی سہولت کیلئے فیلڈ میں موجود ہیں جو قابل ستائش ہے۔ 

تمام افسران کی انتھک محنت اور جرت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اس افسوسناک واقعہ کے حوالے سے تحفظات وزیر اعلی پنجاب تک پہنچا دئیے ہیں۔

تازہ ترین