کراچی (جنگ نیوز) پشاور میں انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کےجج آفتاب آفریدی قتل کیس میں گرفتار ملزمان نے عدالت میں اعتراف جرم کرلیا۔گرفتار تین ملزمان شہزاد خان بلال آفریدی اور ذاکر شاہ کے بیانات کی کاپی موصول ہوگئی۔ ملزمان کے مطابق گزشتہ ماہ 4 اپریل کو جج آفتاب آفریدی کے قتل کی باقاعدہ منصوبہ بندی پشاور کے ایک نجی ہوٹل میں کی گئی ۔ملزمان نے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جج آفتاب آفریدی کی گاڑی کا تعاقب کیا اور موقع پاتے ہی صوابی انٹرچینج کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے جج آفتاب آفریدی ، ان کی اہلیہ ، حاملہ بہو اور کم سن پوتا جاں بحق ہوگئے تھے ۔واقعے کی ایف آئی آر سپریم کورٹ بار کے صدر عبداللطیف آفریدی ، ان کے بیٹے دانش آفریدی سمیت 10 افراد کے خلاف درج کی گئی جس میں چار نا معلوم ملزم شامل ہیں ۔ پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا جب کہ عبداللطیف آفریدی ایڈوکیٹ نے عبوری ضمانت کرا رکھی ہے اور ان کا بیٹا دانش آفریدی تا حال گرفتار نہیں ہوسکا ۔