• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذہنی معذور خاتون سے زیادتی کرنیوالے کلرک کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

سندھ ہائی کورٹ میں صوبے میں دارالامان کی صورتحال سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ذہنی معذور خاتون سے زیادتی کرنے والے کلرک کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے پر سیکریٹری ویمن ڈیولپمنٹ، سیکریٹری داخلہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر دونوں سیکریٹریز کو ذاتی حثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا، جبکہ ایک ماہ میں دارالامان کے اندر سے تمام میل اسٹاف کو ہٹانے کا حکم بھی دیا۔

دارالامان سکھر کے سینئر کلرک کے خلاف سیشن جج کی انکوائری رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی، سیشن جج کی رپورٹ میں سینئر کلرک کو غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث قرار دیا گیا تھا۔

عدالت نے سینئر کلرک محمد شریف کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے ڈی آئی جی سکھر کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کا حکم بھی دے دیا۔

عدالت کا کہنا ہے کہ دارالامان خواتین کے تحفظ کے لیے بنائے جاتے ہیں، گھریلو تشدد ایکٹ کے تحت ہر ضلع میں ویمن پروٹیکشن سائیکالوجسٹ تعینات کی جائیں۔

عدالت نے کہا کہ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی نہ کرنا متعلقہ حکام کی ناکامی ہے۔

سیشن جج کی رپورٹ میں خواتین کو درپیش پریشانیوں کی نشاندہی کی گئی، رپورٹ میں متعلقہ حکام کی ناکامی اور سنگین شکایات کا ذکر کیا گیا ہے۔

عدالت نےعبد الحسنین ایڈووکیٹ اور سارہ ملکانی ایڈووکیٹ کو عدالتی معاون قرار دے دیا، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 مئی تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین