اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب کراچی نے ایک نوسر باز گروہ کے رکن عامر حسین کو جعلی چئیرمین نیب اور جعلی ڈی جی نیب کراچی بن کر بڑے پیمانے پر عوام کو لوٹنے کے الزام میں گرفتار کر کے قانونی کاروائی شروع کر دی ہے جبکہ نوسر باز گروہ کے سرغنہ خالد سولنگی جو کہ دبئی سے مختلف سرکاری افسران اور دیگر افراد کو جعلی چیئرمین نیب اور جعلی ڈی جی نیب کراچی بن کر نہ صرف بلیک میل کرتاہے بلکہ ان سے بھاری رقوم لوٹنے میں بھی مبینہ طور پر ملوث ہے۔ چئیرمین نیب کی ہدایت پر نیب نے نوسر باز گروہ کے سر غنہ خالد سولنگی کا پاسپورٹ کینسل کرنے اور انٹر پول کے ذریعے اسے دبئی سے واپس پاکستان لانے کے لئے وزارت داخلہ کو خط تحریر کر دیا ہے۔تحقیقات کے دوران ملزم عامر حسین نے کئ انکشافات کئے ہیں جن کی روشنی میں تحقیقات کو قانون کے مطابق مزیدآگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ چئیرمین نیب جسٹس کی ہدایت پر نیب کراچی نے ملزم سے تحقیقات کے نتیجے میں حاصل ہونے والی معلومات کی بنیا د پر مختلف سرکاری افسران اور دیگر لٹنے والے افراد کی ابتدائی فہرست تیار کرلی ہے۔