• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے خوف سے لوگ ذہنی مریض ،درجہ حرارت بڑھنے سے کمی آئیگی

راولپنڈی (جنگ نیوز) کورونا وائرس کے خوف نے لوگوں کوذہنی مریض بنا کر رکھ دیا ہے ،لیکن آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں اضافے اور تیز دھوپ کی بدولت اس میں کمی آئے گی، اس لئے لوگوں کو اس سے زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ تاہم کورونا سے نجات کے لئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ ہمیں زیادہ سے زیادہ استغفار کرنا چاہئے۔محض دواؤں اور ویکسین سے یہ وائرس ختم نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار سینئر پتھالوجسٹ، چیئرمین قمر جہاں فاؤنڈیشن ڈاکٹر جمال ناصر نے اپنے بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ ہمارے ملک میں دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی شرح کافی حد تک کم ہے ۔حالات کا تقاضا ہے کہ لوگوں کو خوف کی کیفیت سے نکالنے کے لیے مثبت سوچ و فکر کو اپنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے نتیجے میں لاک ڈاؤن سے پالیسی سازوں اور مالی طور پر خوشحال خاندانوں کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں،اس کے برعکس غریب اور سفیدپوش طبقات کے معاشی مسائل میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے ۔ملک میں طلاقوں کی شرح میں اضافہ ،خودکشی کا رجحان اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے رب کے حضور گڑگڑا کر معافی مانگیں،بیشک وہ بہترین حکمت والا ہے ۔وہی ہمیں اس مرض سے نجات دلائے گا ۔
تازہ ترین