پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر تاج حیدر نے کہا ہے کہ بھارت کی مثال دینے والوں کو پتا ہونا چاہیے وہاں الیکشن میں داخل اندازی نہیں ہوتی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر، وفاقی وزیر شفقت محمود اور ن لیگ کے رانا ثنا اللّٰہ نے شرکت کی۔
شفقت محمود نے کہاکہ جمہوری طور پر آگے بڑھنے کے لیے ایسا نظام ضروری ہے جس پر سب کا اتفاق ہوا، انتخابی نظام بھی ملک کی بقا کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کو 2018ء کے الیکشن کے حوالے سے کسی حلقے کے نتائج پر اعتراض ہے تو نشاندہی کریں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم پر اعتراض تھا کہ اپوزیشن سے بات نہیں کرتے، اب ہم حزب اختلاف کو کہہ رہے ہیں، آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں۔
شفقت محمود نے یہ بھی کہاکہ بھارت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں کب سے چل رہی ہیں۔
سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ بھارت کے انتخابی نظام کی مثال دیتے ہیں، انہیں پتا ہونا چاہیے وہاں کے الیکشن میں داخل نہیں ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ 1971 کے الیکشن میں چیف الیکشن کمشنر عبدالستار نے کسی کو مداخلت نہیں کرنے دی۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ ن لیگ پہلے بھی اور آج بھی انتخابی اصلاحات کے لیے تیارہے، انتخابی عمل کو جتنا بہتر بنایا جاسکتا ہے اس پر اتفاق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 3 سال سے حکومت اپوزیشن کی طرف دیکھنا تک گوارا نہیں کررہی، قومی مفاد میں جب کبھی ان کے ساتھ بیٹھے ہیں ڈرامہ بنادیا کہ این آر او مانگ رہے ہیں۔