• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی بگڑتی صورتحال،بھارت میں ملک گیر لاک ڈاؤن کامطالبہ

نئی دہلی /پیرس (اے ایف پی /جنگ نیوز ) بھارت میں کورونا کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے،دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا ویکسین لگائے جانے کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے ، امریکی صدر بائیڈن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 70فیصد نوجوانوں کو ویکسین لگادی گئی ہے ۔ دنیا بھر میں کورونا 32 لاکھ 14 ہزار 644 افراد کی زندگیاں نگل گیا، صرف امریکا میں ہی 57 ہزار سے زائد افراد کورونا سے ہلاک ہوگئے ہیں۔اسپین نے برازیل اور جنوبی افریقا سے آنے والی پروازوں پر 25 مئی تک پابندی لگادی ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز 2 کروڑ سے زائد ہوگئے ہیں اور عالمی وبا کے حوالے سے امریکا کے بعد یہ سنگین سنگ میل عبور کرنے والا دنیا کا دوسرا ملک بن گیاایسے میں۔بھارت میں انفیکشنز کی دوسری لہر، کورونا وائرس کیسز کے سب سے بڑے اضافے نے ایک کروڑ کیسز شامل کرنے میں محض 4 ماہ کا وقت لیا جبکہ دنیا میں ابتدائی ایک کروڑ کیسز تک پہنچنے کے لیے 10 ماہ کا عرصے لگا تھا۔اس وقت بھارت میں ساڑھے 34 لاکھ فعال کیسز موجود ہیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیسز میں 3 لاکھ 57 ہزار 229 کا اضافہ ہوا جبکہ 3 ہزار 449 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 22 ہزار 408 ہوگئی۔راہول گاندھی نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا اب کورونا وائرس روکنے کا ایک ہی راستہ مکمل لاک ڈاؤن ہے حکومت کی نااہلی بہت سے بے گناہ لوگوں کی جان لے رہی ہے۔

تازہ ترین