• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلیم گیم اور میٹر ایجاد کرنے سے کورونا نہیں روکا جاسکتا، مراد علی شاہ

بلیم گیم اور میٹر ایجاد کرنے سے کورونا نہیں روکا جاسکتا، مراد علی شاہ


اسلام آباد (این این آئی،ا یجنسیاں) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا کورونا وائرس سے نمٹنے کا طریقہ کار عقل سے ماورا ہے،بلیم گیم ،صرف نئے نئے میٹر ایجاد کرنے سے اور اخباری بیانات دینے سے آپ کووڈ کو نہیں سنبھال سکتے،کورونا سے متعلق جو حفاظتی اقدامات ہونے چاہیے تھے وہ نہیں کیے گئے،سندھ اسمبلی کا اجلاس آن لائن ہورہا ہے ،ایوان میں صرف 25 فیصد اراکین کو بیٹھنے کی اجازت ہے ،باقی ہم نے نشستیں ہی نکال دی، این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں کہیں پر کوئی شکایت نہیں تھی،انتخابی عمل میں اصلاحات کی ضرورت ہے،الیکشن کے حوالے سے آرڈیننس لانا کوئی حل نہیں ۔ بدھ کو یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی باتیں سن کر روز حیرت ہوتی ہے، روز ایک نیا وزیر آجاتا ہے، ایک چاند دیکھتے تھے پھر اگلے وزیر نے کہا کہ میرا کام ہی نہیں چاند دیکھنا، اب انہوں نے میٹر بھی نکال لیا ہے جو کیچ کرلیتا ہے کہ ایس او پیز پر کتنا عملدرآمد ہورہا ہے وہ ایک بٹن دبا تے ہیں اور اعداد و شمار آجاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ این سی سی کے گزشتہ اجلاس میں، میں نے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند کرنے کی تجویز دی تھی جو نہیں مانی گئی۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے پروازیں بند کردیں یہاں سے جانے والے مسافروں پر یا تو پابندی ہے یا انہیں 14 روز قرنطینہ کرنا پڑتا ہے اس پر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے ہاں صرف سیاسی بیانات دینے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وفاقی وزرا کے آپس میں اختلافات اتنے زیادہ ہیں اور وہی ان کی حکومت کا طریقہ کار بتانے کے لیے کافی ہیں۔

تازہ ترین