• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیل اسٹین نے آئی پی ایل معطلی پر بھارتیوں کو ٹرول کردیا

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے  فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کی معطلی پر ٹرول کرنے والے بھارتی صارف کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے معطل ہونے پر ماضی یاد دلا دیا۔

پی ایس ایل کے معطل ہونے پر بھارتی صارف نے ڈیل اسٹین کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا کے ماحول میں کم از کم گزشتہ آئی پی ایل اختتام پذیر ہوا تھا جبکہ پی ایس ایل ملتوی کردیا گیا ہے۔

ڈیل اسٹین نے صارف کو جواب دیتے ہوئے انتہائی تحمل مزاجی کا مظاہرہ کیا اور بس اتنا کہا کہ ’آپ واقعی مزاحیہ ہیں۔

اب آئی پی ایل کی معطلی پر وہ بھارتی صارف کو ماضی یاد دلانا نہ بھولے۔

ڈیل اسٹین نے 4 مارچ کو کیے گئے بھارتی صارف آشیش کے ٹوئٹ پر دو مینے کا وقت گزرجانے کے بعد دوبارہ جواب دیتے ہوئے ’ہائے‘ کہا اور ٹرول کردیا۔

آشیش کیلئے ایک اور ٹوئٹ میں ڈیل اسٹین نے لکھا کہ ’اگرچہ آشیش نے اس موقع پر اپنے آپ کو بیوقوف بنایا ہے لیکن جب لوگوں کی صحت پر بات آجائےتو کسی کا مذاق کسی طور مناسب نہیں۔ ‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امید ہے کہ آشیش کو یہاں سبق سیکھنے کو ملیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈیل اسٹین نے ویب شو پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ آئی پی ایل میں بڑے نام شامل ہوتے ہیں اور پیسے کی بات زیادہ ہوتی ہے جس سے کرکٹ نظر انداز ہوتی ہے اس لیے وہ پی ایس ایل کو آئی پی ایل پر ترجیح دیتے ہیں۔


خیال رہے کہ جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے رواں برس آئی پی ایل سے راہیں جدا کر لی تھیں۔

ڈیل اسٹین 2008 سے آئی پی ایل کا حصہ تھے اور گزشتہ سیزن میں ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کر رہے تھے۔

تازہ ترین