پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے پاکستان سُپر لیگ کو انڈین پریمیئر لیگ پر ترجیح دینے کی وجہ بتادی۔
ڈیل اسٹین نے ویب شو پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی ایل میں بڑے نام شامل ہوتے ہیں اور پیسے کی بات زیادہ ہوتی ہے جس سے کرکٹ نظر انداز ہوتی ہے۔
37 سالہ جنوبی افریقی فاسٹ بولر نے کہا کہ پی ایس ایل اور لنکا پریمیئر لیگ کو انڈین پریمیئر لیگ پر اس لیے ترجیح دیتا ہوں کیونکہ اس میں کرکٹ کو کسی دوسری چیز سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔
ڈیل اسٹین نے کہا کہ مجھے پاکستان آئے چند روز ہی ہوئے ہیں، کمرے کے اندر اور باہر لوگ صرف کرکٹ کی بات کرتے ہیں، وہ جاننا چاہتے ہیں کہ میں کہاں اور کیسا کھیلا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی لیگ آئی پی ایل میں وہاں کرکٹ کو بُھلا کر پوچھا جاتا ہے کہ اس ایونٹ سے کتنی دولت کماؤ گے۔
انٹرویو میں فاسٹ بولر نے یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی پیش کر کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فتح میں اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔
ڈیل اسٹین کے اس انٹرویو کے بعد بھارتیوں کو آگ لگ گئی اور سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین ڈیل اسٹین کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے رواں برس آئی پی ایل سے راہیں جدا کر لی تھیں۔
ڈیل اسٹین 2008 سے آئی پی ایل کا حصہ تھے اور گزشتہ سیزن میں ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کر رہے تھے۔