• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ 4 ماہ میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں واضح اضافہ

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کم نہ ہوسکیں، سال 2021 ء کے ابتدائی 4 ماہ میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

سی پی ایل سی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے حساب سے اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہوگیا ہے،رپورٹ کے مطابق رواں سال کے 4 ماہ میں 6ہزار 760 افراد کو اسٹریٹ کرمنلز نے موبائل فون سے محروم کردیا جبکہ سال 2020 ء میں یہ تعداد 5ہزار 187 رہی۔

رواں سال میں ابھی تک 14ہزار 202 موٹرسائیکلیں چھینی یا چوری کی گئیں جبکہ سال 2020 ء میں جنوری سے اپریل تک 9ہزار 160 موٹر سائیکلیں چھینی یا چوری ہوئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ میں 431 شہریوں کو گاڑیوں سے محروم کردیا گیا جبکہ گزشتہ سال ابتدائی 4 ماہ میں 408 گاڑیاں چھینی اور چوری کی گئی۔

سال 2021 ء میں ایک بینک ڈکیتی بھی رپورٹ ہوئی جبکہ سال 2020 ء کے 4 ماہ میں کوئی بینک ڈکیتی رپورٹ نہیں کی گئی تھی۔

رمضان المبارک میں اب تک اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتیں رپورٹ ہوچکی ہیں، متعدد سی سی ٹی وی فوٹیجزسامنے آنے کے باوجود پولیس ملزمان کو پکڑنے میں ناکام رہی ہے۔


تازہ ترین