نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارتی سپریم کورٹ نے کہا ہےکہ میڈیا کو عدالتی کارروائیوں کے بارے میں تبصرہ کرنے اور لکھنے کا حق حاصل ہے، اس تکنیکی دنیا میں میڈیا کو روکنا عدلیہ کیلئے اچھا نہیں ہوگا ، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرے ، میڈیا کو روکنا مناسب نہیں ۔
تفصیلات کےمطابق جمعرات کو بھارتی سپریم کورٹ کے جج جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے متعلق مدراس ہائی کورٹ کے انتہائی سخت ریمارک کے خلاف کمیشن کی جانب سے دائر کردہ عرضی کو نمٹاتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا منہ بند کرانے کے بجائے کمیشن کو اپنی آئینی ذمہ داریوں پر توجہ دینی چاہیے۔
مدراس ہائی کورٹ نے ملک میں کورونا کے بحران کے مد نظر اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف قتل کا مقدمہ چلا یا جانا چاہیے۔