• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی سفیروں کے خلاف وزیراعظم کی زہریلی گفتگو غیرضروری تھی، شہباز شریف

لاہور / اسلام آباد (جنگ نیوز / نیوز ایجنسیز) صدر مسلم لیگ ن اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ وزیراعظم کی سفیروں کے خلاف زہریلی گفتگو بلاجواز اور غیرضروری تھی۔ شہبازشریف نے چین کے سفارتخانے آمد پر سفیر نونگ رونگ سے تفصیلی ملاقات کی اور انہیں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی جبکہ وہ برطانوی ہائی کمشنر کرسچیئن ٹرنر سے بھی ملے ۔ تفصیلات کےمطابق گزشتہ روز صدر مسلم لیگ ن اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مشکل اور کٹھن حالات میں کام کرنے والے سفیروں کی تضحیک نہ کریں، وزیراعظم کی سفیروں کےخلاف بے احتیاطی پر مبنی گفتگو سن کردکھ ہوا، ہمارے سفارت کار مشکل حالات میں کٹھن چیلنجز کے تحت کام کر رہے ہیں، وزیراعظم کو سفیروں کی بہادرانہ کوششوں میں حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، وزیراعظم حوصلہ افزائی کے بجائے ان کی تضحیک نہ کریں۔ ادھر شہبازشریف نے چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور سفیر نونگ رونگ سے تفصیلی ملاقات کی اور انہیں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارکباددی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی بھائیوں کےلئے پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے چین دوسرے گھر کی مانند ہے، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان اور چین کی مثالی دوستی معاشی شراکت داری کے گہرے رشتے میں تبدیل ہوئی، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے اور سوچ کے تحت سی پیک کا فلیگ شپ منصوبہ پاکستان اور چین ہی نہیں پورے خطے اور دنیا کے لئے عظیم ثمرات کا حامل ہے۔ اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ شہبازشریف کے آئیڈیاز اور تجربات سے دونوں ممالک میں ترقی سے متعلق عمل میں مزید بہتری اور تیزی آسکتی ہے ، نوازشریف چین کے پرانے دوست ہیں ،ہم پرانے دوستوں کو نہیں بھولتے۔ نونگ رونگ نے شہباز شریف کو کمیونسٹ پارٹی چائنا کے قیام کی 100ویں سالگرہ کی تقاریب میں شرکت کے لئے دعوت بھی دی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچئین ٹرنر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خان خاقان عباسی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔

تازہ ترین