• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیا بجٹ گروتھ اورینٹڈ انقلابی ہوگا‘ وزیر خزانہ شوکت ترین

اسلام آباد (حنیف خالد) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ مالی سال 2021-22ء کا وفاقی بجٹ گروتھ اورینٹڈ انقلابی اور عوام دوست ہو گا ۔ اس کیلئے وہ تمام اسٹیک ہولڈروں سے مشاورت کرینگے۔ انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹینٹ آف پاکستان کی طرف سے ماڈل وفاقی بجٹ کا جو خاکہ مجھے پیش کیا گیا ہے اسے نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں حتیٰ المقدور شامل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ وفاقی بجٹ میں ایسے اقدامات ہونگے جس کے نتیجے میں 30جون 2022ء کو ختم ہونے والے مالی سال میں قومی پیداوار کی شرح نمو ساڑے4سے 5فیصد تک ہونے کا قوی امکان ہے۔ وہ جمعرات کو اپنے چیمبر میں آئی سی اے پی (آئی کیپ) کے نائب صدر اشفاق تولہ کی طرف سے ماڈل فیڈرل بجٹ 2021-22ء کی تجاویز وصول کرنے کے موقع پر اشفاق تولہ اور آئی سی اے پی کے وائس پریزیڈنٹ علی لطیف سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود کی موجودگی میں گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی سی اے پی کی مشاورتی کمیٹی نے بجٹ تجاویز کا جو خاکہ تیار کر کے مجھے پیش کیا ہے میزانیہ سازی میں اس سے استفادہ کیا جائیگا۔ وہ وفاقی بجٹ کی تجاویز متعلقہ وزارتوں‘ محکموں کے ساتھ ساتھ تمام سٹیک ہولڈوں سے مشاورت کے ساتھ فائنل کرینگے۔ وفاقی بجٹ کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈروں کو آن بورڈ لیں گے اور موجودہ اقتصادی چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے جدید نظریات‘ تصورات کو بجٹ میں سمویا جائیگا۔

تازہ ترین