پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کورونا کے کیسز کم ہورہے ہیں جبکہ سندھ میں کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
رمضان کے آخری دنوں سمیت آنے والے عید کے دن کورونا کے پھیلاؤ میں انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے خبردار کردیا اور کہا کہ یہ لاپروائی کا نہیں نہایت احتیاط سے کام لینے کا وقت ہے۔
امریکن سوسائٹی فار مائیکروبائیولوجی کی جانب سے منعقد کئے گئے ایک ویبنار سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ کوووڈ 19 کی تیسری لہر میں ابتدائی طور پر کچھ بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئیں تو حالات بگڑ سکتے ہیں، ایس او پیز پر عمل د درآمد کو یقینی بنائیں۔
فیصل سلطان نے یہ بھی کہا کہ عید کے دوران جہاں بھی جائیں ماسک پہن کر رکھیں، سماجی فاصلہ اپنائیں اور جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کیسز میں کمی آرہی ہے تاہم ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی وجہ سے سندھ میں کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
ضروری ہے کہ مائیکرو بائیولوجسٹس اور سائنسی ماہرین کووڈ 19 سے متعلق عوام کی غلط فہمیاں دور کریں، کورونا وبا پر قابو پانے کا حل احتیاط اور فوری ویکسینیشن ہے۔