• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرضہ پروگرام،IMF کا نظرثانی بات چیت چھٹے جائزہ مذاکرات میں کرنیکافیصلہ

اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) آئی ایم ایف نے پاکستان کیساتھ طے پانے والے موجودہ 6ارب ڈالر کے قرضہ پروگرام پر نظر ثانی کی درخواست پرجولائی میں ہونیوالے چھٹے جائزہ میں بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی تصدیق آئی ایم ایف کی پاکستان میں نمائند ہ ٹریسا دابن سانچز نے بھی کی۔ 

نمائندہ جنگ کے اس سوال پر کہ کیا آئی ایم ایف قرضہ پروگرام پر نظر ثانی کی درخواست پر فوری طور پر بات چیت کرے گا جس کے جواب میں ٹریسا دابن سانچز نے کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت اس وقت ہوگی جب چھٹے جائزہ کے دوران مذاکرات ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پائیدار ور مضبوط گروتھ اور قرضوں میں استحکام کی یقین دہانی کیساتھ کورونا وائرس کی وباءکے مشکل بحران سے نمٹنے کیلئے پاکستان کیساتھ کھڑا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پاکستان کی نظر ثانی درخواست پر فوری پر بات چیت کرنے کو تیار نہیں اور اس کیلئے پانچویں جائزہ تک طے پانے والے معاہدے کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ 

اس کیلئے وفاقی بجٹ کی تیار ی کیلئےنئے اہداف کا تعین پاکستان کیلئےمشکل ہوگا کیونکہ پاکستان نے ریونیو ، بجلی ٹیرف میں اضافے سمیت دیگر بہت سے اہداف پانچویں جائزے میں آئی ایم ایف کے ساتھ طے کر لیے تھے۔ 

تاہم نئے وزیر خزانہ شوکت ترین کے عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان نےا ٓئی ایم ایف کیساتھ ان اہداف پر نظر ثانی کا اعلان کیا تاکہ آئی ایم ایف فوری طور پر بجلی ٹیرف میں اضافہ ، ٹیکس استثنیٰ کا خاتمہ ، ٹیکس ریونیو ہدف سمیت دیگر شرائط میں نرمی کرے ۔

تازہ ترین