• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری افسران کو ایم پی اسکیل کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے مقابلہ کی اجازت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیر اعظم کے معاون خصوصی بر ائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب نے کہا ہے کہ سروس میں موجود سرکاری افسران کو ایم پی اسکیل کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کے لوگوں سے مقابلہ کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات (سی سی آئی آر) میں محتاط غور و فکر کے بعد کیا ہے۔ درحقیقت، سیکرٹریٹ کی اعلیٰ آسامیاں، جو اب تک جنرل کیڈر افسران کیلئے مخصوص تھیں ، نجی شعبے کے تکنیکی ماہرین کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمت میں موجود افسران کے لئے بھی کھولی جا رہی ہیں۔ اس فیصلے کا جواز پیش کرتے ہوئے محمد شہزاد ارباب نے کہا کہ ہم بہترین یونیورسٹیوں سے اپنے پی ایچ ڈی اور ماسٹرز ڈگریوں والے افسران کو ڈونر ایجنسیوں کے لئے کام کرنے کی اجازت دے دیتے ہیں لیکن ہم انہیں ان کی صلاحیتوں کو اپنے نظام میں بہتری لانے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتے ہیں۔ سرکاری ملازمین کے لئے کوئی مخصوص کوٹہ نہیں ہے اور انہیں پرائیویٹ سیکٹر کے لوگوں سے مقابلہ کرنے کیلئے ملازمت سے استعفیٰ دینا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ ڈی اور ماسٹرز ڈگریوں اور فیلڈ میں مطلوبہ تجربے کے بغیر درخواست دہندگان ان پوسٹوں پر اپلائی کرنے کے اہل نہیں ہیں۔ وفاقی حکومت میں افسر کیڈر کی کل 29,000آسامیوں میں سے صرف 108 آسامیاں ایم پی سکیل کی ہیں جو کل آسامیوں کا صرف 0.37 فیصد ہے۔ اس طریقہ کار سے درخواست دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہو گا اور اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والے افراد شفاف طریقے سے مقابلہ کر سکیں گے۔

تازہ ترین