وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا بھائی، بیٹا، داماد، بھائی کا سمدھی سب اشتہاری ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کا احترام اپنی جگہ مگر فیصلوں پر تحفظات جمہوریت کا حصہ ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف کو اربوں کی منی لانڈرنگ کیس کا سامنا ہے، بھائی کی وطن واپسی کا جھوٹا بیان حلفی دینے والے کو بھاگنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت فیصلے کو چیلنج کرے گی، عوام کا نظامِ عدل پر اعتماد کمزور نہیں پڑنا چاہیے۔
فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ ریڈلسٹ کے باعث عام پاکستانی شہری برطانیہ میں داخل نہیں ہوسکتا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ تعجب ہے عید پر مفروروں، اشتہاریوں اور ملزمان کی عید ملن پارٹی برطانیہ میں ضرور ہوسکتی ہے۔