وفاقی وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے اندھیرے میں ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی، یہ جب اقتدار میں ہوتے ہیں تو ملک میں ہوتے ہیں اور اقتدار میں نہ ہوں تو انہیں لندن یاترا یاد آجاتی ہے۔
فرخ حبیب نے اپنے بیان میں کہا کہ اربوں روپے کے شہباز شریف کے خلاف ٹی ٹی کے کیسز ہیں، قانون کا دہرا نظام نہیں ہوسکتا، شہباز شریف پراسس تو فالو کریں، ڈی جی ایف آئی اے کو تو بتائیں۔
اُنہوں نے کہا کہ جنہوں نے چوری نہ کی ہو، عوام کا پیسا نہ لوٹا ہو وہ راتوں رات فرار نہیں ہوتے، شریف خاندان ملک میں منی لانڈرنگ، ہنڈی کا موجد ہے، ان کو قانون کا احترام کرنا چاہیے۔
فرخ حبیب نے سوالیہ انداز میں کہا کہ آپ نے چوری نہیں کی تو آپ کو کیوں بار بار لندن جانا پڑتا ہے؟
وفاقی وزیر نے سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوالیہ انداز میں کہا کہ پرچی چیئرمین سے پوچھتا ہوں کراچی کی کتنی مارکیٹوں کا دورہ کیا؟ آپ کا وزیراعلیٰ مارکیٹوں کاکتنا دورہ کرتا رہا؟
اُنہوں نے کہا کہ آپ نے پورے سندھ کے عوام کو مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے، سندھ میں کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتیں زیادہ ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ آپ سیاست کے بجائے سندھ کے عوام کو ریلیف دیں، کراچی کے لوگوں کو آپ نے ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے، سبسڈی دینے کا مقصد کم آمدن والے طبقےکو سہولت دینا ہے، کم آمدن والے آدمی کو ریلیف مل رہا ہے۔
فرخ حبیت نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت نے رمضان سستا بازار کی مد میں 5 ارب کی سبسڈی دی، فیصل آباد اپوزیشن کی طرف سے منہگائی کا بہت زیادہ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ چاول اورسرخ مرچ کی قیمت میں واضح کمی ہوئی ہے۔