مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومت توہین عدالت کی مرتکب ہوچکی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عدالتوں کے احترام کا ڈھنڈورا پیٹنے والے عدالتی فیصلے پر تنقید کرکے توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک جانے کی اجازت دی۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وکلا عدالت کو مطمئن کرنے میں کامیاب ہوئے تو شہباز شریف کو بیرون کا سفر کرنے کی اجازت ملی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ حکام نے کہا کہ ہمارا سسٹم اپ ڈیٹ نہیں، شہباز شریف کا نام بدستور بلیک لسٹ میں ہے۔
ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ میڈیا سے معلوم ہوا وفاقی حکومت نے آدھی رات کو کسی اور لسٹ میں شہباز شریف کا نام ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری، معاونین خصوصی شہزاد اکبر اور شہباز گل اور پنجاب میں فردوس باجی نے عدالتی فیصلے کے فوری بعد عدالت پر تنقید شروع کی۔