• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت اور اتحادی ملک چلانے میں ناکام ہوچکے، مصطفیٰ کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور اس کے اتحادی پاکستان چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔پی ایس پی ظلم کے نظام کیخلاف ڈٹ کر کھڑی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے ہر حد سے گزر جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن موڈ کو وزیراعظم موڈ میں تبدیل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، تین سال سے وزیراعظم اور انکے اتحادیوں کی حکومتی گاڑی اپوزیشن گیئر میں پھنسی ہوئی ہے، ملک اس وقت آٹو پر چل رہا ہے، کوئی پرسان حال نہیں۔ جب ملک کے وزیراعظم ہی اپنے ماتحت اداروں پر لعن طعن کرکے اپنی بےبسی کا رونا روتے ہیں تو ایک جانب وہ اپنی ناکامی اور نااہلی کا بین ثبوت دیتے ہیں تو دوسری جانب عوام میں ہیجان پیدا کررہے ہیں۔ وزیراعظم کی باتوں سے عوام میں شدید مایوسی پھیل گئی ہے، عوام سوچ رہی ہے کہ جب ملک کا وزیراعظم اپنی نااہلی کی وجہ سے بے بسی کی تصویر بنا بیٹھا ہے تم قوم کس سے امید لگائے؟ اگر کسی قوم کو تباہ کرنا ہو تو اس سے امید چھین لی جائے، وفاقی حکومت اور اس کے اتحادیوں نے اپنی نااہلی کی بنا پر پاکستان کے عوام سے امید چھین لی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے بڑا ظلم جو وفاقی حکومت اور اسکی اتحادی ایم کیو ایم نے پاکستان کے ساتھ کیا ہے وہ پاکستان کی معاشی شہہ رگ کراچی کی غلط مردم شماری کی منظوری ہے۔

تازہ ترین