فیصل آباد، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے اندھیرے میں ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی، شریف برادران اقتدار سے باہر ہوں تو ملک میں دل نہیں لگتا، آپ نے چوری نہیں کی تو آپ کو کیوں بار بار لندن جانا پڑتا ہے؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی دوپہر مارکیٹ کمیٹی ڈجکوٹ روڈ فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات میاں فرخ حبیب نے کہاکہ شہباز شریف پر اربوں روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں مگر پھر بھی انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت دینا سمجھ سے بالا تر ہے حالانکہ قبل ازیں نوازشریف بھی واپس آنے کا وعدہ کرکے گئے مگر ابھی تک واپس نہیں آئے نیز سلمان شہباز،اسحاق ڈار اور انکے خاندان کے دیگر افراد بھی بتائیں کہ اگر انہوں نے کرپشن نہیں کی تو وہ ملک سے کیوں فرار ہیں؟ پرچی چیئرمین بلاول زرداری بتائیں کہ انہوں یا وزیراعلیٰ سندھ نے کتنی مارکیٹوں کے دورے کئے یا عوام کو مافیاز سے بچانے سمیت مہنگائی میں کمی کیلئے کتنے اجلاسوں کی صدارت کی ۔