وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آج دنیا بھر میں ماں سے محبت کے اظہار کا دن منایا جارہا ہے لیکن ماں سے اظہار محبت کسی ایک دن تک محدود نہیں ہو سکتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرز پر مدرز ڈے کے موقع پر جاری کیئے گئے اپنے پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بات کہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ماں وہ ہستی ہے جو ہر وقت اولاد کے گرد دعاؤں کا حصار بناکے رکھتی ہے، ماں کسی بھی قیمت پر اپنی اولاد کو مشکل میں نہیں دیکھ سکتی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی کا مزید کہنا ہے کہ یقیناً ماں کی کمی کسی انسان کی زندگی کا سب سے بڑا نقصان ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا ہے کہ ماں اس ہستی کا نام ہے جس کا اس زمین پر کوئی نعم البدل ہو ہی نہیں سکتا۔