پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے حق میں بیان دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف بطور وزیراعلیٰ پنجاب بھی اپنا علاج کرانے باہر جاتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب بھی شہباز شریف بیمار ہیں، انہیں عدالت سے باہر جانے کی اجازت ملی تھی، انہیں روکنا مناسب نہیں۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان کا عدالتی نظام درست نہیں ہے، اسے ٹھیک ہونا چاہیے۔
اس موقع پر قمر زمان کائرہ نے مولانا فضل الرحمٰن کے پیپلز پارٹی اور بی اے پی سے متعلق بیان کو ایک بار پھر غیر مناسب قرار دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کو نہیں چھوڑا ہے، مولانافضل الرحمٰن، آپ نے جو بات کہی تھی وہ انتہائی نامناسب تھی۔
قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کےکچھ دوستوں نے غیر ذمہ داری کامظاہرہ کیا، ہر جماعت کو حق ہے کہ اپنی بہتری کا سوچے۔
انہوں نے کہا کہ گلے شکوے اور ناراضگیاں اپنوں کےساتھ ہوتی ہیں، ہمارے بغیر پی ڈی ایم کے اجلاس کرکے فیصلے کرنا درست نہیں تھا۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ ہر جماعت کے کچھ نہ کچھ ایریاز ہوتے ہیں جو کمزور ہوتے ہیں، اگر ہمارے ساتھی ہم سے نہ لڑ پڑتے تو شاید مرکزی حکومت سے جان چھڑا چکے ہوتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی راستے بند نہیں کرتے، پیپلز پارٹی تو اپنے مخالفین کے ساتھ گفتگو کے راستے کبھی بند نہیں کرتی۔
قمر زمان نے کہا کہ تلخ ہوئے بغیر بھی آپ اپنی بات پر کھڑے رہ سکتے ہیں، پیپلز پارٹی ہمیشہ اپنا نقصان کرلیتی ہے لیکن سیاسی عمل کے نقصان میں آگے نہیں جاتی۔
پی پی رہنما نے کہا کہ ہمارے ہی خلاف تو دھاندلیاں ہوتی رہیں، پیٹریاٹ بناتے رہے، پاکستان کا عدالتی نظام درست نہیں، اسے ٹھیک ہونا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس ملک کو صرف سیاستدان اکیلے درست نہیں کرسکتے، باقی سارے اداروں کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔