• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حدیبیہ کیس میں سپریم کورٹ ہمارے حق میں فیصلہ دے چکی، عطا تارڑ


کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حدیبیہ ملز کا کیس نئے سرے سے چلنا چاہئے، اپوزیشن لیڈر کرپشن میں ملوث ہے تو اسے کوئی استثنیٰ حاصل نہیں ہے، اپوزیشن دمادم مست قلندرکرنا چاہتی ہے تو شوق پورا کرلے۔ ن لیگ کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس میں سپریم کورٹ ہمارے حق میں فیصلہ دے چکی ہے، شہباز شریف کے فیصلے سے ان کی اپنی فیملی کی ملوں کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ جے یو آئی کے رہنما کامران مرتضیٰ نے کہا کہ حدیبیہ پیپرز ملز کیس دوبارہ نہیں کھل سکتاشریف برادران ملک میں رہیں اور معاملات یہیں سیٹل کریں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ شریف خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ماسٹر مائنڈ شہباز شریف ہیں، حدیبیہ پیپرز مل کیس کا کبھی ٹرائل نہیں ہوا،نیب نے جب حدیبیہ ملز کا ریفرنس مشرف دور میں دائر کیا تو شریف فیملی این آر او لے کر جدہ چلی گئی،حدیبیہ کیس کا فیصلہ آیا تو وفاق میں نواز شریف، پنجاب میں شہباز شریف اور اٹارنی جنرل ان کے اپنے ٹکٹ ہولڈر تھے، حدیبیہ ملز کا کیس نئے سرے سے چلنا چاہئے، یہ ہمیشہ نظام میں موجود کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا اصل جرم آمدنی سے زائد اثاثوں کا ہے، شہباز شریف کو بتانا ہے کہ ان کے، ان کی بیگمات،بیٹوں حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کے اکاؤنٹس میں پیسے کہاں سے آتے رہے، جن 75لوگوں نے ان کے اکاؤنٹس میں ٹی ٹیز کرائیں وہ کبھی ملک سے باہر نہیں گئے، شہباز شریف کیس ٹرائل کورٹ میں چل رہا ہے ابھی فیصلہ آنا باقی ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف بتائیں کہ ٹی ٹی کا پیسہ کیسے آیا؟کہا گیا کہ نواز شریف 4ہفتوں میں واپس آئیں گے 40ہفتے ہوگئے واپس آنے کا نام نہیں لے رہے، شہباز شریف باہر چلے گئے تو ان کے واپس آنے کی کیا گارنٹی ہے؟، یہ کہتے ہیں میاں شریف 1970ء میں بہت بڑے صنعتکار تھے یہ باتیں شریف خاندان کی پہلی شوگر مل کب لگائی گئی، شہباز شریف سے ٹی ٹیز کے پیسوں کا پوچھیں تو کہتے ہیں یہ خاندان کا کاروبار ہے میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ملک میں شوگر مافیا کو پروان چڑھانے والا شریف خاندان ہے، اگر ان کے ہاتھ صاف ہیں تو سلیما ن شہباز ملک سے باہر کیوں ہیں۔

تازہ ترین