• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

15سے 49سال کی ہرخاتون کو تشنج بچاوٴ ٹیکے لگائے جائیں، کمشنر سکھر

سکھر(بیور ورپورٹ)کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے سکھر ضلع میں ماں اور نو مولود بچوں کو ہونے والی تشنج کی بیماری سے بچاوٴ کے لئے ایک ہفتے کی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ15سے 49سال کی ہرخاتون کو تشنج سے بچاوٴ کے ٹیکے لگوائے جائیں اس عمل میں کسی بھی افسر یا عملے کی طرف سے کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ روٹین ایمونائیزیشن پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔وہ تعلقہ اسپتال روہڑی میں میٹرنل اینڈ نیونیٹل ٹیٹنس (تشنج کی بیماری سے بچاوٴ) مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے، کمشنر سکھر نے کمیونٹی اور سول سوسائٹی پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس مہم کا حصہ بنناہوگا اور اپنی ماوٴں اور بہنوں کو ویکسین وقت پر لگوانی ہوگی اسطرح ہی تشنج کی بیماری سے بچاوٴ ممکن ہے ۔ ماں اوربچے کی صحت کا خیال کرنا ہر باشعور شہری کا فرض ہے ۔کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے اعلان کیا کہ گرمی کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈویژن کے اندر خسرے سے بچاوٴ کے ٹیکے والی مہم بھی جلد شروع کی جائیگی ،انہوں نے گیسٹرو اور ڈائریا کے مریضوں کے بہتر علاج کے لئے بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کے افسران کو کہا کہ ہر اسپتال اور سینٹر میں ہیٹ اسٹروک سینٹر قائم کرکے ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔اس سے قبل یونیسیف کراچی کے نمائندے ڈاکٹر امجد انصاری نے کہا کہ تشنج کی بیماری ماں سے نومولود بچے میں منتقل ہوتی ہے 2014کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں تین سو سے ساڑھے تین سو خواتین اور بچے اس بیماری سے ہلاک ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں ٹیٹنس کے حوالے سے 12اضلاع ہائی رسک ہیں جن میں کشمور ،جیکب آباد، شکارپور، سکھر، گھوٹکی ،خیرپور،شہید بینظیرآباد، ٹنڈوالہیار، ٹنڈومحمدخان، بدین،عمرکوٹ اور تھرپارکر شامل ہیں ،ان تمام اضلاع میں بیک وقت مہم شروع کی گئی ہے جوکہ 7مئی تک جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ خواتین کو مختلف مراحل میں تین ڈوز دیئے جائیں گے پہلا ڈوز رواں سات دن کی مہم کے دوران ،دوسرا ڈوز 30مئی کو اورآخری ڈوز 6ماہ کے بعد دیا جائیگا ،انہوں نے کہا کہ ڈلیوری کے بعد ایک ہفتے کے اندر تشنج کی بیماری ماں اور بچوں میں منتقل ہوجاتی ہے۔
تازہ ترین