• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپورٹس پالیسی پر تمام اسٹیک ہولڈر سے رابطے کا فیصلہ

کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) قومی اسپورٹس پالیسی کے حوالے سے سامنے آنے والے تنازعات کے بعد بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے بیک فٹ پر جاتے ہوئے عید کے بعد تمام اسٹیک ہولڈر سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق دس سے پندرہ روز میں مشاورت مکمل کر لی جائے گی، اس سلسلے میں پاکستان اولمپکس ایسو سی ایشن کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی کرنل عمران زمان قومی اسپور ٹس پالیسی پر سامنے آنے والی صورت حال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، انہوں نے بین الصوبائی رابطے کی وزارت کو اس بات پر قائل کیا ہے کہ مشاورت سے ایسی پالیسی لائی جائے جو زیادہ موثر ثابت ہوسکے۔ واضح رہے کہ پچھلے دنوں پالیسی کے کچھ نکات میڈیا میں آنے کے بعد کھیلوں کی کئی فیڈریشنوں اور پی او اے نے اس بارے میں شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔ بعض فیڈ ریشن نے دھمکی دی تھی کہ اس پالیسی میں عالمی فیڈریشن کے آئین سے متصادم کوئی بھی شق قابل قبول نہیں ہوگی اور پالیسی کو اعلی عدالتوں میں چیلنج کیا جائے گا۔

تازہ ترین