• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، 28فلسطینی شہداء کی تدفین، اسرائیلی حملے تیز، ریزرو فوج بھی طلب کرلی

غزہ، 28فلسطینی شہداء کی تدفین، اسرائیلی حملے تیز


غزہ سٹی، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید شدت آگئی ، اسرائیل کے لڑاکا طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کی جانب سے رہائشی آبادیوں اور عمارتوں پر فضائی بمباری کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہا۔

غزہ کےمغرب سے آبدوز کے ذریعے بھی میزایل داغے گئے ہیں، بمباری کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 28ہوگئی ،150سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

فلسطینی حکام کے مطابق شہداء میں 10معصوم بچے بھی شامل ہیں، آہوں اور سسکیوں میں فلسطینی شہداء کی تدفین کردی گئی ، غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ حماس کے راکٹ حملوں میں 2خواتین ہلاک ہوگئی ہیں۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق حماس نے بتایا ہے کہ انہوں نے ایک مرحلے پر صرف 5منٹوں کے اندر اندر 100سے زائد راکٹ فائر کئے تاکہ اسرائیلی دفاعی میزائل نظام کا توڑ کیا جاسکے ، اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ کی پٹی سے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیلی علاقوں پر 300 راکٹ داغے گئے ہیں۔

اسرائیل نے غزہ میں ایک 12منزلہ عمارت کو بھی بمباری سے تباہ کردیا ہے جس کے جواب میں حماس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر 130راکٹ داغے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ پر حملوں کا دائرہ کار مزید بڑھانے اور طاقت کا مزید استعمال کرنے کی دھمکی دیدی ہے ، انہوں نے بتایا کہ ہم نے غزہ میں حماس اور اسلامی جہاد پر سیکڑوں حملے کئے ہیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جاری فوجی کارروائی کو وسعت دینے کے لیے 5 ہزار ریزرو فوجیوں کو طلب کیا گیا ہے، ادھر حماس کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کے بعد اسرائیلی فورسز مسجد الاقصیٰ سے دستبردار ہوگئیں۔

ترک نیوز ایجنسی کے مطابق منگل کے روز نماز فجر ہزاروں نمازیوں نے مسجد کے اندر ادا کی ، حماس اور غزہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور مزاحمتی گروپ اسلامی جہادنے اسرائیل پر راکٹ حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے، حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابوعبیدہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ایک پیغام ہے اور دشمن کو اس کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے۔ 

دریں اثناء مصر نے اسرائیل اور غزہ کےدرمیان جنگ بندی کی کوششیں شروع کردی ہیں، تاہم فرانسیسی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ مصر کی کوشش فی الحال کامیاب نہیں ہوسکی ہے ،مصری وزیر خارجہ نے عرب لیگ کے ویڈیو لنک اجلاس میں بتایا کہ انہوں نے کشیدگی میں کمی کیلئے اسرائیل سے رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے مسجد الاقصیٰ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کو چاہئے کہ وہ تشدد کو بڑھانے سے گریز کریں ، عرب لیگ نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ 

مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو نسل کا ہنگامی اجلاس ہوا تاہم اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا اور برطانیہ نے روس کیخلاف مشترکہ اعلامیہ جاری ہونے سے رکوا دیا ہے ، ناروے کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں شیخ جراح سے فلسطینیوں کی زبردستی بے دخلی کو روکنے اور مسجد الاقصیٰ کے کمپائونڈ کا اسٹیٹس کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے ممالک کے سفیروں نے اسرائیل کی مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں کے خلالف میں ’جارحانہ‘ طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری کی توجہ اس جانب مرکوز کروانے کا عزم کیا ہے، سفیروں نے کہا کہ شیخ جراح کے رہائشی، جو دہائیوں سے وہاں مقیم ہیں، کو اب زبردستی بے دخلی کا سامنا ہے۔ 

علاوہ ازیں پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک طرف مسجد اقصیٰ کے احاطے میں آگ بھڑک اٹھی ہوئی تھی تو دوسری طرف یہودی جشن منارہے تھے، سیکڑوں یہودی بیت المقدس پر قبضے کے چوون سال مکمل ہونے کا جشن مناتے رہے ، اسرائیلی فورسز فلسطینیوں پر ظم ڈھاتی رہی ، عالمی برادری کی بے حسی پر مختلف حلقوں کی جانب سے افسوس کا اظہارکیا گیا ہے ۔

افریقی یونین کمیشن کے چیئرمین موسیٰ فاقی محمد نے غزہ پر اسرائیلی بمباری اور مسجد الاقصٰی میں اسرائیلی فورسز کے تشدد کی شدید مذمت کی ہے، انہوں نے کہا کہ مشرقی مقبوضہ بیت المقدس سے فلسطینیوں کی ان کے گھروں سے غیر قانونی بے دخلی عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی۔

تازہ ترین