• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کا 2014 میں کیا گیا ٹوئٹ کیوں زیرگردش ہے؟

وزیراعظم عمران خان کا 2014 میں غزہ کی حمایت میں کیا گیا ٹوئٹ آج سات سال بعد ٹوئٹر پر زیرگردش ہے۔

عمران خان نے 25 جولائی 2014 کو کیے گئے ٹوئٹ میں غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہوئے اپنی حمایت کا کھلا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’میرا نام عمران خان ہے، میرا تعلق پاکستان سے ہے اور میں غزہ کی حمایت کرتا ہوں۔‘

سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ ’سپورٹ غزہ‘ کی اس مہم میں آج پھر سات سال بعد صارفین عمران خان کے اسی ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی حمایت کا اعلان کررہے ہیں۔

غیر ملکی بلاگر سنتھیا رچی نے بھی عمران خان کے ماضی میں کیے گئے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی ہیں لیکن پاکستان میں ہیں اور غزہ کی بھرپور حمایت کرتی ہیں۔

اسی ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ایک صارف نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ اب آپ وزیراعظم پاکستان بن چکے ہیں لہذا فلسطین پر کیے جانے والے حملوں پر کچھ واضح اقدامات کریں۔

یاد رہے کہ غزہ پر حملوں پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت کی تمام حدود اور عالمی قوانین پامال کرتے ہوئے خصوصاً رمضان المبارک کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے قبلہ اول یعنی مسجدِ اقصیٰ میں اہلِ فلسطین پر حملے کی شدید مذمت اور اہلِ فلسطین کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔


وزیر اعظم نے یہ مذمت سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کی تھی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام اور انکے حقوق کے تحفظ کیلئے فوری تدبیر کرے۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری نہ رکی، فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے، 13 بچے اور مزاحمتی تنظیموں کے کئی رہنما بھی شہداء میں شامل ہیں، ایک ہزار سے زائد افراد زخمی، درجنوں عمارتیں مٹی کا ڈھیر بنادی گئی ہیں۔

حماس کی جانب سے بھی جواب میں راکٹوں کی برسات، اشکیلون میں تیل کی پائپ لائن میں آگ لگ گئی، بس تباہ، تین اسرائیلی ہلاک، 70 زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل کےشہر لد میں شدید کشیدگی جاری ہے اور یہودی شدت پسندوں نےکئی گاڑیوں کوآگ لگا دی ہے۔

تازہ ترین