پاکستانی شوبز انڈسڑی کے معروف گلوکار و اداکار فخرِعالم نے غزہ پر اسرائیلی بمباری سےمعصوم بچوں سمیت 20 فلسطینیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب دنیا کو حقیقی طور پر امن کی ضرورت ہے۔
گلوکار فخرِعالم نےمائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر غزہ میں اسرائیلی بمباری اور مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فورسز میں ہونے والی جھڑپوں کے مناظر کی چند تصاویر شیئر کی ہیں۔
فخرِعالم نےتصویریں شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ آج رات غزہ میں کیا ہو رہا ہےجیسے ہی رمضان المبارک کااختتام ہونےکو ہے اس طرح کی وحشیانہ فورس تعینات کردی گئی۔‘
انہوں نے دنیا میں امن کے قیام کے بارے میں بات کرتے ہوئےلکھا کہ ’دنیاکو اس واقعہ کا نوٹس لینا چاہیے دنیا کو امن کی ضرورت ہے۔‘
گلوکار نےعالمی رہنماؤں سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ ’بہت ہوگئی نفرت ، تشدد ، نسل پرستی ، اور امتیازی برتاؤ، براہِ مہربانی امن کو موقع دیں۔‘
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی فوج نے وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں معصوم بچوں سمیت 20 فلسطینی شہید ہو گئے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں حماس کے سینئر کمانڈر محمد عبدالله فياض بھی شامل ہے۔ پیر کے روز غزہ پٹی پر اسرائیلی فوج نے فضائی بمباری اور زمینی گولہ باری کی۔