• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسمی سے جِلد کی چمک دمک بڑھائیں

موسمی کو ’سویٹ لائم‘ بھی کہا جاتاہے کیونکہ یہ ترش پھلوں میں سب سے میٹھا پھل ہوتاہے۔ لیموں، موسمی، کینو، چکوترہ اور اس قبیلے کے نہ جانے کتنے ہی رس دار پھل ہیں، جو ’’وٹامن سی‘‘ کی وافر مقدار اور بیماریوں کے خلاف لڑنے کی جسمانی صلاحیت کو بہتر بنانے کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔ لیکن ان رس دار پھلوں میں اور بھی بہت کچھ ہے، جو ہماری صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔

موسمی جیسے رس دار پھلوں میں صحت بخش فائبر کی اچھی خاصی مقدار ہوتی ہے۔ یہ فائبر ایک طرف آپ کا ہاضمہ درست رکھتا ہے تو دوسری جانب خون میں مضر کولیسٹرول اور گلوکوز کی مقدار کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔

موسمی میں پائے جانے والے اہم اجزا جِلد کی بہت سے خرابیاں دور کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ موسمی میں کافی مقدار میں وٹامن سی موجود ہوتاہے اور اس میں موجود سِٹرک ایسڈ ایک زبردست کلینزنگ ایجنٹ کے طورپر کام کرتاہے۔

آپ موسمی کے دو ٹکڑے کریں اور ایک حصے کو آرام سے اپنے گال پر گول گول گھما کر رگڑیں۔ یہ عمل سات سے آٹھ منٹ تک دہرائیں اور پھر پانی سے منہ دھولیں۔ چہرے کو تولیے کی مدد سے خشک کرلیں، آپ اپنے چہرے پر تازگی محسو س کریں گی۔

آنکھوں کے گرد حلقوں یا ان کے گرد سرخ نشانات سے نجات حاصل کرنے کے لیے بھی موسمی بہت آزمودہ ہے۔ آپ موسمی سے تیار کردہ پیسٹ آنکھوں کے گرد لگائیں، پھر نتیجہ دیکھیں۔ اس کے لیے آپ کومندرجہ ذیل اجزا درکار ہوں گے:

آدھا کھانے کا چمچ:موسمی کا جوس

ایک کھانے کا چمچ: کیلے کا پیسٹ

ایک کھانے کا چمچ: کھیرے کا جوس

ایک کھانے کا چمچ : وٹامن ای جیل

ان چاروں اجزا کو ایک پیالے میں ایسے مکس کریں کہ ایک ہموار آمیزہ بن جائے۔ اس پیسٹ کو تین سے چار منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ پھر اس کو روئی یا کاٹن پیڈ کی مدد سے اپنے آنکھوں کے نیچے لگائیں اوردس سے بارہ منٹ کے لیے چھوڑدیں، کچھ سیکنڈز مساج کرنے کے بعد اسے پانی سے دھولیں۔

آپ خود ہی محسوس کریں گی کہ گھر میںبنایا گیا یہ پیسٹ کس طرح بآسانی آپ کی آنکھوں کے حلقوں کو ٹھیک کرکے آپ کی جِلد کو نئی چمک دیتاہے۔

تازہ ترین