• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پتلی تماشہ کردار انکل سرگم کے خالق فاروق قیصر انتقال کرگئے


معروف مزاح نگار اور انکل سرگم جیسے پتلی تماشا کردار کے خالق فاروق قیصر انتقال کر گئے۔ وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ انہوں نے ایک بیٹا اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑے ہیں۔

صدر مملکت اور وزیراعظم نے فاروق قیصر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

فاروق قیصر کے نواسے حسنین قیصر کا کہنا ہے کہ نانا کافی عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے، طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال لے جانے کیلئے ایمبولینس بلائی مگر ان کا پہلے ہی انتقال ہوگیا۔

کلیاں، سرگم سرگم اور ڈاک ٹائم ان کے مشہور ٹی وی شوز تھے, تاہم پی ٹی وی کا مشہور پروگرام ’کلیاں‘ ان کی پہچان بنا، اس پروگرام میں انکل سرگم کے کردار سے فاروق قیصر نے شہرت حاصل کی۔

فاروق قیصر مصنف، کالم نگار، کارٹونسٹ اور ٹی وی پروڈیوسر بھی رہے۔ انہیں 1993ء میں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945 کو لاہور میں پیدا ہوئے, انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے تعلیم حاصل کی۔

فاروق قیصر این سی اے اور فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی میں تدریس سے بھی منسلک رہے۔

سلیمہ ہاشمی نے انہیں 1970 میں’اکڑ بکڑ‘ کے ذریعے ٹی وی پر متعارف کروایا۔

صدر مملکت اور وزیراعظم کا اظہار افسوس

صدر عارف علوی نے فاروق قیصر کے اِنتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ معروف مصنف، اداکار اور فنکار فاروق قیصر کے اِنتقال پر شدید صدمہ ہوا،

صدر مملکت نے کہا کہ مرحوم نے پاکستان کے فن کے شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں، مرحوم کو تمغہ حسن کارردگی اور تمغہ امتیاز دینا ریاست کیلئے اعزاز کی بات تھی۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ہر دلعزیز كردار "انکل سرگم" سے اہم سماجی مسائل کو اُجاگر کیا، فاروق قیصر کے جانے سے پاکستان میں شعبہ فن کا اہم باب بند ہوگیا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ اللّٰہ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی فاروق قیصر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ فاروق قیصر صرف اداکار ہی نہیں تھے، انہوں نے سماجی ناانصافیوں اور مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کی۔

وزیراعظم نے فاروق قیصر کے خاندان سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

تازہ ترین