پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان نے معروف مزاح نگار فاروق قیصر عرف انکل سرگم کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’فاروق قیصر کے انتقال کی خبر سُن کر بہت دُکھ ہوا۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’فاروق قیصر صرف ایک اداکار نہیں تھے بلکہ اُنہوں نے اپنے فن کے ذریعے معاشرتی مسائل کے بارے میں بھی آگاہی جاری رکھی۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’ میں فاروق قیصر کے انتقال پر اُن کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دُعاگو ہوں۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز معروف مزاح نگار اور انکل سرگم جیسے پتلی تماشا کردار کے خالق فاروق قیصر انتقال کر گئے۔ وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ انہوں نے ایک بیٹا اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑے ہیں۔
فاروق قیصر کے نواسے حسنین قیصر کا کہنا ہے کہ نانا کافی عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے، طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال لے جانے کیلئے ایمبولینس بلائی مگر ان کا پہلے ہی انتقال ہوگیا۔
کلیاں، سرگم سرگم اور ڈاک ٹائم ان کے مشہور ٹی وی شوز تھے, تاہم پی ٹی وی کا مشہور پروگرام ’کلیاں‘ ان کی پہچان بنا، اس پروگرام میں انکل سرگم کے کردار سے فاروق قیصر نے شہرت حاصل کی۔