چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انکل سرگم کردار کے خالق معروف فنکار فاروق قیصر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں انکل سرگم کے انتقال پر دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے بلند درجات اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ فاروق قیصر نے اپنے کرداروں کے ذریعے سماجی مسائل کو بہترین طریقے سے پیش کیا اور ان کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے، اسے کبھی پُر نہیں کیا جاسکے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ نثرنگاری سے شعبہ صحافت اور پتلی بازی تک فاروق قیصر نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ انکل سرگم، ماسی مصیبتے، رولا، ہیگا اور شرمیلی جیسے لازوال کرداروں سے فاروق قیصر نے معاشرتی مسائل کو اجاگر کیا اور فنون لطیفہ کے لیے فاروق قیصر کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز معروف مزاح نگار اور انکل سرگم جیسے پتلی تماشا کردار کے خالق فاروق قیصر انتقال کر گئے، وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ انہوں نے ایک بیٹا اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑے ہیں۔
فاروق قیصر کی نمازِ جنازہ آج شام 5 بجے ایچ ایٹ قبرستان اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔