• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متوقع سمندری طوفان: ایمرجنسی اور ریلیف کی تیاری رکھی جائے، کمشنر کراچی

متوقع سمندری طوفان کے پیشِ نظر کراچی انتظامیہ الرٹ ہوگئی ہے۔ کمشنر کرچی نوید شیخ نے متعلقہ افسران کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور  ہنگامی اقدامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انھوں نے ڈپٹی کمشنرز، بلدیاتی اور تمام متعلقہ اداروں کو متوقع طوفان کے پیش نظر ریسکیو اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ 

کمشنر کراچی نوید شیخ نے کہا کہ اسپتالوں کو الرٹ رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحا ل میں ایمرجنسی سے نمٹنے اور ریلیف کے کاموں کے لیے تیار رہیں۔

اس سے قبل ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ  دیتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ہنگامی منصوبے بنالیے ہیں۔ 

کمشنر کراچی نے کہا کہ  متوقع بارشوں سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ مضبوط بنائیں اور بل بورڈز فوری ہٹادئے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ برساتی نالوں کی رکاوٹیں دور ہوں اور نکاسی کے موثر انتظامات ہوں۔ 


کمشنر کو شہر میں جاری نالوں کی صفائی اور بل بورڈز ہٹانے کے کام کے بارے میں بھی  تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

کمشنر نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے پمپنگ اسٹیشن کا دورہ بھی کیا اور واٹر بورڈ اور بلدیاتی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ 

 کمشنر کراچی نے کہا کہ اس حوالے سے کمشنر آفس میں قائم ریسکیو 1299 پر امدادی کاموں میں رہنمائی اور مدد کے لیے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، شہری اور متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورت میں رابط اور مدد کے لئے کنٹرول روم پر اطلاع دیں۔

قومی خبریں سے مزید